کیا ایک کافر حکومت کے اندر رہتے ہوئے یہ جائز ہے کہ آدمی لائسنس کے بغیر یا مقررہ موسموں اور اوقا ت میں شکار کھیلے اور بغیرلیمپ کے راتوں کو موٹر یا بائیسکل چلائے؟
جواب
جب کہ آپ ایک کافر حکومت کے اندر رہتے ہیں تو انتظامِ ملکی کو برقرا ررکھنے کے لیے جو ضابطے اس نے بناے ہیں ، اور جو قوانین ایک منظم سوسائٹی کو بحال رکھنے کے لیے بہرحال ضروری ہیں ،انھیں خواہ مخواہ توڑنا آپ کے لیے درست نہیں ہے۔قانون شکنی ہم صرف اس وقت کرسکتے ہیں جب کہ ہم ایسی پوزیشن میں ہوں کہ موجودہ نظم(order) کو توڑ کر جلدی سے جلدی دوسرا صالح ترنظم قائم کرسکیں ، اور اُس صورت میں بھی صرف وہ قوانین توڑے جائیں گے جن کا توڑنا اس مقصدِ خاص کے لیے مفید اور ضروری ہو۔ورنہ قانون شکنی کے معنی بدنظمی(disorder) پیدا کرنے کے ہیں جو اﷲ تعالیٰ کے منشا کے خلاف ہے۔اﷲ تعالیٰ اپنی زمین میں نظم دیکھنا چاہتا ہے نہ کہ بدنظمی۔ اس لیے اگر آپ خواہ مخواہ اس کی زمین کا نظم بگاڑیں گے تو اس کی تائید سے محروم رہیں گے۔ (ترجمان القرآن،جنوری،فروری ۱۹۴۵ء)