(۱)آج کل میں بہ سلسلہ ملازمت ایک ایسے دیہات میں مقیم ہوں جہاں کوئی مسجد بھی نہیں ہے اور مسلمانوں کی آبادی بھی نہیں ہے۔ میں پانچ وقت کی نماز تو تنہا ادا کرلیتا ہوں لیکن جمعہ کی نماز کےلیے کیا کروں۔ جس جگہ جمعہ کی نماز ہوتی ہے وہ بہت فاصلہ پر ہے۔ پہاڑی علاقہ ہے اس لیے سفر بہت دشوار بھی ہے۔ اگر میں جمعہ کی نماز ادا کرنے جائوں تو تیسرے دن اپنی قیام گاہ پر واپس آسکتا ہوں۔ آپ یہ بتائیے کہ جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے کتنی دورتک سفرکرنا ضروری ہے۔
جواب
آپ جس جگہ ہیں وہاں آپ پر جمعہ کی نماز واجب نہیں ہے۔ آپ ظہر کی چار رکعتیں جمعہ کے دن بھی پڑھیے۔آپ جس طرح جمعہ کے علاوہ دوسرے دنوں میں پانچ وقت کی نماز ادا کررہے ہیں اسی طرح جمعہ کے دن بھی ادا کیجیے۔ جب اس دیہات میں آپ پر جمعہ کی نماز فرض نہیں، بلکہ ظہر کی نماز فرض ہے تو جمعہ کے لیے سفر اختیار کرنا بھی ضروری نہیں ہے بالخصوص اس حال میں کہ جہاں جمعہ کی نماز ہوتی ہے وہ اس دیہات سے بہت فاصلہ پرہے۔