ڈرائو نے خواب

,

میں نے اپنا گھر فروخت کرکے اپنی لڑکی کا بیاہ کیاتھا۔ اس کے بعد ایک بار ایسا خواب دیکھا کہ مجھے کوئی شخص قتل کے الزام میں پھنسانا چاہتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اگرچہ میں بے قصور ہوں مگر احتیاطاً چھپ کررہتاہوں ۔ دوسری بار پھر یہ خواب دیکھا کہ میں نے کسی محض معمولی قصور پر کسی کو قتل کردیا ہے۔ ان دوخوابوں کی وجہ سے میں پریشان ہوں ۔ مہربانی فرماکر اس کی تعبیر بتائیے تاکہ مجھے سکون حاصل ہو۔

جواب

 اس وقت خواب پرکوئی تفصیلی گفتگو مقصود نہیں ہے۔ صرف آپ کے سوال کے پیش نظر چند باتیں عرض کرتاہوں ۔

خواب کی دوبڑی قسمیں ہیں  اچھے خواب اوربرے خواب۔ اچھے خواب اللہ کی طرف سے ایک قسم کی بشارت کا درجہ رکھتے ہیں ۔ مثلاً کوئی شخص خواب میں یہ دیکھے کہ وہ وضوکررہاہے یا نماز پڑھ رہا ہے یا کعبہ کا طواف کررہاہے۔ برے خواب عام طورسے دو وجوہ سے آتے ہیں ۔ وہ برے خیالات جو ذہن و دماغ میں آتے ہیں وہی خواب میں نظر آجاتے ہیں ۔ یا شیطانی خواب ہوتے ہیں جو کسی ڈر اور خوف میں مبتلا کرنے کے لیے وہ دکھاتاہے۔ بخاری شریف کی کتاب التعبیرمیں بعض صحابہ کا یہ قول منقول ہے کہ خواب کی تین قسمیں ہیں   (۱) حدیث النفس ۔ یعنی دل میں جو وسوسے اور برے خیالات آتے ہیں وہی خواب میں دکھائی دیتے ہیں ۔ (۲) تخویف الشیطان یعنی شیطان کسی کو ڈر اور خوف میں مبتلا کرنے کے لیے ڈراؤنے خواب دکھاتا ہے۔(۳) بشریٰ من اللہ۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی بشارت۔ برے اور ڈراؤنے خوابوں کے بارے میں نبی ﷺ کی تعلیم یہ ہے کہ خواب دیکھنے والے کو بیدار ہونے کے بعد شیطان سے پناہ مانگنی چاہیے۔ مثلاً اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم یا لاحول ولا قوۃ الا باللہ پڑھ کر بائیں طرف تھوک دینا چاہیے، نیز یہ کہ برے خواب کسی دوسرے سے بیان نہیں کرنا چاہیے۔اس طرح اس برے اور ڈراؤنے خواب سے اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ اور بعض حدیثوں میں یہ بھی ہے کہ براخواب دیکھ کر جب بیدار ہوتووضو کرکے دورکعت نفل نماز پڑھ لے۔مجھے خواب کی تعبیر میں کوئی دخل نہیں ہے لیکن آپ کا خواب یا تو تخویف الشیطان سے تعلق رکھتا ہے یا حدیث النفس سے۔آئندہ آپ برے خواب کسی سے بیان نہ کریں ۔ اور نبیﷺ کی تعلیم پرعمل کریں ۔اس بات کا جائزہ لے لینا بہترہوگا کہ کہیں آپ مغلوب الغضب اورمشتعل مزاج تونہیں ہیں ۔ یعنی ایسا تو نہیں کہ معمولی باتوں پرآپ کو بہت غصہ آجاتا اور مشتعل ہوجاتے ہوں ۔ اگر خدانخواستہ اس طرح کی کوئی بات ہوتو اپنے غصے اور اشتعال پرقابو پانے کی پوری کوشش کیجیے۔آپ نے جو ڈراؤنا خواب دیکھا ہے اس کو ذہن سے نکال دیجیے او رمطمئن زندگی بسر کیجیے، وضوکرکے دورکعت نفل پڑھ کر شیطان سے پناہ مانگیے اور اللہ سے دعاکیجیے تو بہتر ہے ۔ ایک بات یہ کہ آپ اپنے ذہن کو برے خیالات سے خالی رکھنے کی سعی کیجیے، اگرایسے وسوسے اوربرے خیالات آئیں تو انھیں فوراً ذہن سے نکا ل کر اللہ کے ذکر میں مشغول ہوجایا کیجیے۔ اخیرمیں یہ عرض کردینا بھی مناسب ہے کہ برے اور ڈراؤنے خوابوں کا ایک سبب معدے کی خرابی بھی ہوتی ہے ۔اگر ایسا ہوتو کسی اچھے طبیب سے مشورہ کرکے دوااستعمال کرنی چاہیے۔                                                                    (مئی ۱۹۸۵ءج۲ش۵)