کھڑے ہوکر پیشاب کرنا

اُمید ہے کہ آں جناب ازراہِ کرم درج ذیل حدیث سے متعلق میرے شبہات کو ملاحظہ فرمائیں گے۔ حضرت حذیفہؓ کی روایت ہے کہ نبی ﷺ کھاد کے ایک ڈھیر کے قریب گئے اور میرے سامنے کھڑے ہوکر پیشاب کیا۔
جواب

یہ حدیث[صحیح ] بخاری کتاب الوضوئ کے متعدد ابواب میں آئی ہے،اورحدیث کی دوسری کتابوں میں بھی موجود ہے، مگر کسی میں بھی حضرت حذیفہؓ کے یہ الفاظ نہیں ہیں کہ نبی ﷺ نے ’’میرے سامنے کھڑے ہوکر پیشاب کیا‘‘۔ کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ یہ الفاظ آپ کو کہاں ملے؟ان کے تو اصل الفاظ یہ ہیں کہ’’ میں اور نبی ﷺ چلے جارہے تھے کہ راستے میں آپؐ ایک کوڑے کے ڈھیر کی طرف گئے جو ایک دیوار کے پیچھے تھا اور آپؐ کھڑے ہوئے جیسے تم میں سے کوئی کھڑا ہوتا ہے اور آپؐ نے پیشاب کیا۔ میں ہٹ کر دُور جانے لگا تو مجھے آپؐ نے اشارہ کیا اور میں آپؐ کے پیچھے کھڑا ہوگیا۔یہاں تک کہ آپؐ فارغ ہوگئے۔‘‘({ FR 1831 })اس سے تویہ معلوم ہوتا ہے کہ حضور ﷺ نے دیوار اور ڈھیر کے درمیان کھڑے ہوکر پیشاب کیا تاکہ دونوں طرف سے پردہ رہے،اور حضرت حذیفہ ؄ کو روک کر پیچھے کھڑا کیا۔ کیوں کہ اس صورت میں نظر آنے کا کوئی امکان نہیں رہتا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مستند روایات کے مطابق نبی ﷺ ہمیشہ بیٹھ کر ہی پیشاب کرتے تھے۔مگر اس موقع پر آپؐ نے کسی عذر کی وجہ سے ایسا کیا تھا اور حضرت حذیفہؓ نے یہ روایت اس لیے بیان کی تھی کہ ان کے زمانے میں بعض لوگ کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کو قطعی ناجائز قرار دینے لگے تھے۔ (ترجمان القرآن ، اکتوبر ونومبر۱۹۶۲ء)