ہم نے طلبہ کے درمیان کھیل کے ایک کمپٹیشن کا اعلان کیا تھا۔ اس کے لیے رجسٹریشن فیس متعین کی۔ شرکت کرنے والے ہر طالب علم سے دو سو(۲۰۰) روپے وصول کیے۔ ہمارا ارادہ تھا کہ جمع ہونے والی رقم کو انتظامات اور ریفریشمنٹ پر خرچ کریں گے۔ کچھ رقم بچے گی تو اس سے جیتنے والی ٹیم کو انعامات دیے جائیں گے۔ ایک ٹرافی بنوانے کا بھی پروگرام تھا۔
اس موضوع پر ہمارے درمیان اختلاف ہوگیا ہے۔ ہمارے بعض ساتھی کہہ رہے ہیں کہ یہ جوا ہے، جو اسلام میں حرام ہے۔
براہِ کرم وضاحت فرمادیں کہ کیا ایسا کرنا جائز ہے یا نہیں؟
جواب
جوا کو اسلام میں حرام قرار دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
يَسْــَٔـلُوْنَكَ عَنِ الْخَــمْرِ وَالْمَيْسِرِ۰ۭ قُلْ فِيْہِمَآ اِثْمٌ كَبِيْرٌ وَّمَنَافِعُ لِلنَّاسِ۰ۡوَاِثْـمُہُمَآ اَكْبَرُ مِنْ نَّفْعِہِمَا۰ۭ (البقرۃ ۲۱۹)
’’(اے پیغمبر) لوگ آپ سے دریافت کرتے ہیں کہ شراب اور جوئے کا کیا حکم ہے؟ آپ کہہ دیجیے ان دونوں میں بڑی خرابی ہے، اگرچہ ان میں لوگوں کے لیے کچھ منافع بھی ہیں، مگر ان کا گناہ ان کے فائدے سے بہت زیادہ ہے۔‘‘
عربوں میں جوئے کے بہت سے کھیل معروف تھے۔ ان میں سے ایک کھیل کا نام ’نرد شیر‘ تھا۔ اس کے بارے میں نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا
مَنْ لَعِبَ بِالنَرَدْ شِیْر فَکَأَنَّمَا صَبَغَ یَدَہٗ فِیْ لَحْمِ الخِنْزِیْرِ وَدَمِهِ
(مسلم۲۲۶۰)
’’جس شخص نے نرد شیر کھیلا اس نے گویا اپنا ہاتھ خنزیر کے گوشت اور خون سے لت پت کرلیا۔‘‘
جوا کی بہت سی صورتیں ہوسکتی ہیں۔ ان میں سے ایک صورت یہ ہے کہ کسی کھیل میں حصہ لینے والے تمام افراد سے کچھ رقم وصول کی جائے، پھر کھیل کا مقابلہ کروایا جائے، اس کے بعد جیتنے والے کو وہ رقم دے دی جائے۔
آپ نے کمپٹیشن کی جو صورت لکھی ہے، اس کے مطابق جمع شدہ رقم کو انتظامات اور ریفریشمنٹ پر خرچ کیا جائے گا اور اسی سے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور انعامات بھی دیے جائیں گے۔ ان میں اول الذکر مصرف تو درست ہے کہ فیس کے نام پر جن لوگوں سے رقم وصول کی جائے گی، انہی پر خرچ کی جائے گی، لیکن مؤخر الذکر مصرف درست نہیں۔ یہ جوا کی صورت ہوجاتی ہے کہ فیس تو کھیل کے تمام شرکا سے وصول کی جائے، لیکن بعد میں اس کا مالک جیتنے والی ٹیم کو بنا دیا جائے۔
یہ صورت اختیار کی جا سکتی ہے کہ فیس سے وصول ہونے والی رقم کو صرف انتظامات اور ریفریشمنٹ پر خرچ کیا جائے اور ٹرافی اور انعامات کے لیے منتظمین اپنی طرف سے یا کسی تیسرے فریق کی اسپانسرشپ کے ذریعے رقم مہیا کریں۔