بعض لوگ مسجد کے اندر جنازہ رکھ کر نماز جنازہ پڑھنے کو ناجائز کہتے ہیں اور اس پر اصرار کرتے ہیں۔ آپ کی تحقیق کیا ہے؟ مہربانی کرکے تحریر کیجیے۔
جواب
جہاں تک میں نے مطالعہ کیا ہے مسجد کے اندر جنازہ رکھ کر نماز جنازہ ادا کرنا جائز ہے۔ نماز جنازہ ادا ہوجاتی ہے۔ اس مسئلے میں بھی فقہاء کے درمیان اختلاف ہے۔ حنفی مسلک یہ ہے کہ مسجد کے اندر جنازہ رکھ کر نماز جنازہ نہ پڑھی جائے۔ امام ترمذی نے امام شافعی کا یہ قول نقل کیا ہے کہ امام مالک کا مسلک بھی یہی تھا کہ میت پرمسجد کے اندر نماز نہ پڑھی جائے لیکن خود اما م شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا مسلک یہ ہے کہ مسجد کے اندر نما ز جنازہ ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔اس مسئلے میں چوں کہ حدیثیں مختلف ہیں اس لیے فقہا کے مسلکوں میں بھی اختلاف ہے۔ بعض ائمہ اس حدیث کو ترجیح دیتے ہیں جس میں آتا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد کے اندر نماز جنازہ پڑھی ہے اور فقہ حنفی میں ان حدیثوں کو ترجیح دی گئی ہے جن سے معلوم ہوتاہے کہ مسجد کے اندر نماز جنازہ پڑھنے سے اس کا ثواب کم ہوجاتاہے۔ لیکن فقہاء کے درمیان یہ اختلاف جواز وعدم جواز کا نہیں ہے بلکہ کراہت کا ہے۔یعنی بعض ائمہ کے نزدیک بلاکراہت جائز ہے اور بعض کے نزدیک کراہت کے ساتھ جائز ہے۔ (مارچ،اپریل ۱۹۷۴؍،ج۵۲،ش۳۔۴)