ایک مسلمان کے لیے مسلمان ہونے کی حیثیت سے نفس تقلید فرض ہے یا نہیں ؟ اور تقلید شخصی کا درجہ آپ کے نزدیک کیا ہے؟ اور آپ کے نزدیک تقلیدِ شخصی کو واجب کہنے والے لائق تحسین ہیں یا قابل ملامت؟
جواب

مسلمان کے لیے مسلمان ہونے کی حیثیت سے رسول اﷲ ﷺ کی تقلید فرض ہے۔رہی ائمۂ مجتہدین میں سے کسی کی تقلید تو ہم ایسے مسلمانوں کے لیے اس کو ضروری سمجھتے ہیں جو خود مسائل شرعیہ کی تحقیق کرنے کے اہل نہ ہوں ۔ رہے تحقیق کی قابلیت رکھنے والے لوگ،تو اگر وہ کسی اما م مجتہد کے اقوال کی صحت پر مطمئن ہوں تو ہمارے نزدیک ان کا اتباع قابل اعتراض نہیں ہے۔لیکن اگر تحقیق سے وہ کسی مسئلے میں اپنے امام کے سوا کسی دوسرے امام کے قول کو اَوفق بالکتاب والسنۃ سمجھتے ہوں ، لیکن قصداً اپنے امام ہی کی تقلید کریں تو یہ ہمارے نزدیک جائزنہیں ہے۔ ( ترجمان القرآن،اگست ۱۹۶۱ء)