اعتراضات میں ایک دل چسپ ترین اعتراض یہ ہے کہ ہمیں پہلے ہی مودودی صاحب سے یہ اندیشہ تھا کہ وہ جماعت اسلامی کے نام پر اہلِ حدیث کو حنفی بنا کے رہیں گے۔چنانچہ یہ اندیشہ صحیح ثابت ہوا۔یعنی پہلے تو اس جماعت میں آنے والے سے کہا جاتا ہے کہ تمھارا فقہی مسلک جماعت میں آنے کے بعد بھی برقرار رہے گا، مگر جماعت میں آنے کے بعد ایسے طریقوں سے کام لیا جاتا ہے کہ کسی شخص کو خود کوئی احساس تک نہیں ہوتا اور اس کا مسلک سراسر بدل جاتا ہے۔
جواب

میرے متعلق اس نزاع کے سلسلے میں جو کچھ کہا گیا ہے اس پر میں صبرکرتا ہوں اور اُن لوگوں کے معاملے کو خدا پر چھوڑتا ہوں جنھوں نے بغیر علم وتحقیق کے یہ بدگمانی لوگوں میں پھیلائی کہ میں اہلِ حدیث کو حنفی بنانے کی سازش کررہا ہوں ۔کاش وہ لوگ جو فقہی جزئیات میں کتاب وسنت کی پیروی پر بڑا زور دیا کرتے ہیں ، اخلاقی معاملات میں بھی کتاب وسنت کی کچھ پیروی کرلیا کریں ۔ (ترجمان القرآن ، جولائی،اگست ۱۹۴۵ء)