جماعت اسلامی کے ممبروں اور ہم دردوں کے سوا ہندستان کے عام مسلمان جو اپنے آپ کو اہل سنت والجماعت کہتے ہیں اور جو آپ کی اصطلاح میں محض نسلی مسلمان ہیں ،وہ شرعی اعتبار سے دائرۂ اسلام میں ہیں یا اس سے خارج؟
جواب

جماعت اسلامی میں شامل ہونا ہمارے نزدیک مسلمان ہونے کے لیے شرط نہ کبھی تھا نہ اب ہے، نہ ہم اس حماقت میں ان شاء اﷲ کبھی مبتلا ہوسکتے ہیں کہ جو اس جماعت میں نہیں ہے، وہ مسلمان نہیں ہے۔ جماعت سے باہر کے تمام مسلمانوں کو ہم نے ’’نسلی مسلمان‘‘ نہیں کہا ہے، بلکہ ان لوگوں کو کہاہے جو دین کے علم وعمل سے بے بہرہ ہیں اور اپنے اخلاق وعادات اور اعمال میں اسلام کی کھلی کھلی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ ( ترجمان القرآن۔اگست ۱۹۶۱ء)