چار حرام چیزوں کی حُرمت کا مطلب

میرے پہلے خط کے جواب میں جناب فرماتے ہیں کہ سورئہ الانعام کی آیت کا مطلب دراصل یہ ہے کہ جاہلیت میں اہل عرب نے جن چیزوں کو حرام کر رکھا تھا ’’حرام وہ نہیں ہیں ‘‘ بلکہ حرام یہ چیزیں ہیں جو اس آیت میں بیان کی گئی ہیں ۔ لیکن قرآن مجید صرف اتنا ہی نہیں فرماتا بلکہ اس کی بھی تصریح کرتا ہے کہ جہاں تک نبی ﷺ پر نازل ہونے والی وحی کا تعلق ہے ان چیزوں کے سوا اور کوئی چیز اس میں حرام نہیں کی گئی۔ قرآن کریم کے الفاظ بالکل صاف ہیں اور ان میں کوئی گنجلک نہیں ۔ پھر آپ کیوں فرماتے ہیں کہ ’’اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ان چاروں چیزوں کے سوا کسی کھانے والے کے لیے کوئی چیز بھی حرام نہیں ہے؟‘‘ مہربانی فرما کر اس کی وضاحت فرما دیں ۔
تفہیم القرآن پہلے بھی پڑھ چکا تھا اور اب آپ کے فرمانے پر سورئہ النساء اور سورئہ النور میں جناب کے نوٹوں کا دوبارہ مطالعہ کیا۔ لیکن اگر آپ سوئے ادب نہ سمجھیں تو عرض کروں کہ دلیل دل کو نہیں لگی۔ عام طور پر موازنہ مماثل اشیا میں ہوتا ہے یعنی ایک شادی شدہ لونڈی کو اگر محصنہ کی سزا کا کوئی حصہ ملتا ہے تو محصنہ بھی شادی شدہ ہونی چاہیے ورنہ قرآن مجید کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے تھی کہ یہاں شادی شدہ لونڈی کا شادی شدہ محصنہ سے مقابلہ نہیں کیا جا رہا بلکہ غیر شادی شدہ سے کیا جا رہا ہے۔ کیا آپ فرما سکتے ہیں کہ قرآن مجید یا رسول اللّٰہ ﷺ نے اس کی صراحت فرمائی ہے؟ سورئہ النور میں آپ کے نوٹ میں صفحہ ۳۳۹ پر لکھا ہے کہ حضرت علیؓ نے ایک عورت کو کوڑے لگوائے اور جمعہ کے روز اسے رجم کیا اور فرمایا کہ ہم نے کتاب اللّٰہ کے مطابق کوڑے لگائے ہیں اور سنت رسول اللّٰہ کے مطابق سنگ سار کرتے ہیں ۔ یعنی حضرت علیؓ کے نزدیک سورئہ النور والی سزا غیر شادی شدہ محصنات تک محدود نہ تھی۔ شاید اسی وجہ سے امام احمد، دائود ظاہری اور اسحاق بن راہویہ نے بھی پہلے سو درے لگانے اور بعد میں سنگ سار کرنے کی سزا تجویز کی ہے۔ (ایضاً صفحہ ۳۳۷) اگر یہ استنباط درست ہے تو اس بات کے حق میں کافی شہادت موجود ہے کہ زنا کی سو دُرّے کی سزا کا اطلاق شادی شدہ محصنات پر بھی ہوتا ہے۔ پھر ان کو رجم کی سزا کیوں دی جاتی ہے؟

رسول اللّٰہ ﷺ کے تشریعی اختیارات

جناب کی تصنیف ’’سنت کی آئینی حیثیت‘‘ میری نظر سے گزری۔ اس کے مطالعے سے میرے تقریباً سب شکوک رفع ہوگئے سواے چند کے جنھیں دور کرنے کے لیے آپ سے رجوع کر رہاہوں ۔ اُمید ہے کہ آپ میری راہ نمائی فرمائیں گے۔
صفحہ ۷۱ پر آپ نے لکھا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے صراحتاً نبی ﷺ کو تشریعی اختیارات دیے ہیں ۔ اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے امر و نہی اور تحلیل و تحریم صرف وہی نہیں ہے جو قرآن میں بیان ہوئی ہے بلکہ جو کچھ نبی ﷺ نے حرام یا حلال قرار دیا ہے اور جس چیز کا حضورﷺ نے حکم دیا ہے، یا جس چیز سے منع فرمایا ہے، وہ بھی اللّٰہ کے دیے ہوئے اختیارات سے ہے اور اس لیے وہ بھی قانونِ خداوندی کا ایک حصہ ہے۔ مگر آپ نے تشریعی کام کی جو مثالیں دی ہیں (ص۷۱ تا۸۰) وہ دراصل تشریحی کام کی ہیں تشریعی کی نہیں ۔ مؤخر الذکر کی جو مثالیں مجھے سوجھتی ہیں وہ ذیل میں مذکور ہیں اور ان کے بارے میں جناب سے ہدایت کا طالب ہوں ۔
(الف) صفحہ۷۹ پر کھانے کی بعض چیزوں کی حرمت کے بارے میں آپ نے سورئہ المائدہ پر اکتفا کیا ہے، لیکن سورئہ انعام کی آیت نمبر ۱۴۵ کی رو سے صرف مردار، بہتا خون، لحم خنزیر اور غیر اللّٰہ کے نام پر ذبیحہ حرام ہے۔ یعنی اللّٰہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ وحی کے ذریعے مذکورہ اشیا کے علاوہ کھانے کی کوئی اورچیز حرام نہیں کی گئی۔ پھر حضورﷺ کو دیگر اشیا کو حرام قرار دینے کی ہدایت کیسے ملی؟
(ب) شریعت بعض صورتوں میں زنا کی سزا رجم قرار دیتی ہے۔ لیکن قرآن مجید میں اس جرم کے بارے میں اس سزا کاذکر نہیں ملتا۔ پھر یہ سزا کیسے تجویز ہوئی؟
ان دونوں مثالوں میں احکام قرآن اور احکام شریعت میں بظاہر کچھ تضاد نظر آتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہ ہوگا۔ امید ہے حقیقت کی وضاحت فرما کر آپ مجھے ممنون فرمائیں گے۔

قرآن وحدیث کا باہمی تعلق

رسائل ومسائل] سوال نمبر۲۲۹ [ پیراگراف اوّل میں آپ نے لکھا ہے:
’’قرآن میں اگر کوئی حکم عموم کے انداز میں بیان ہوا ہو اور حدیث یہ بتائے کہ اس حکم عام کا اطلاق کن خاص صورتوں پر ہوگا تو یہ قرآن کے حکم کی نفی نہیں ہے بلکہ اس کی تشریح ہے۔اس تشریح کو اگر آپ قرآن کے خلاف ٹھیرا کر رد کردیں گے تو اس سے بے شمار قباحتیں پیدا ہوں گی جن کی مثالیں آپ کے سامنے پیش کروں تو آپ خود مان جائیں گے کہ فی الواقع یہ اصرار غلطی ہے۔‘‘
اگر آپ اس عبارت کے آخر میں چند مثالیں اس امر کی پیش فرماتے تو مستفسر کو مزید تشفی ہوجاتی۔ مجھے چند ایسی امثلہ کی ضرورت ہے جس سے ایک منکر حدیث مان جائے کہ ایساکرنے سے (تشریح کو قرآن کے خلاف ٹھیرانے سے) فی الواقع قباحتیں پیدا ہوتی ہیں ۔ بہتر ہوگا اگر آپ چار امثلہ مہیا فرمادیں ۔
میں اس بات کو اچھی طرح سمجھتا ہوں کہ حدیث قرآ ن کی وضاحت کرتی ہے مگرمیں کسی حکم کے قرآن میں نہ ہونے اور خلاف قرآن ہونے میں تمیز نہیں کرسکتا۔ازراہِ کرم آپ چار اَمْثِلہ ایسی پیش فرما دیں جس سے میرے لیے دونوں باتوں (خط کشیدہ) کا فرق پوری طرح واضح ہوجائے؟

صحیح البخاری کا اصح الکتب ہونا

صحیح البخاری اصح الکتب بعد کتاب اﷲ ہے۔ براہِ کرم اِس کی بھی وضاحت کردیجیے کہ اصح الکتب کا مطلب آیا یہ ہے کہ بخاری بھی قرآن کی طرح حرفاً حرفاً صحیح اور غیر محرف ہے؟

روایت اور درایت میں ترجیح

کسی روایت کو حضور ﷺ کی طرف انتساب کرنے میں اوّل درجہ صحت روایت کو ہے یا درایت کو۔ وہ درایت جو حدیث کی صحت کی جانچ کے لیے مدار بنے،آپ کے نزدیک اس کی تعریف کیا ہے؟

کیا کسی مسلمان کو یہ حق ہے کہ خدا و رسولﷺ کا حکم ظنِ غالب کے بموجب اسے پہنچے اور اس میں درایت کی مداخلت کرکے اس سے گریز کرے اور اپنے تفقہ کی بِنا پر اس کی مخالفت کرے،جب کہ اس کے تفقہ میں بھی خطا کا امکان ہے؟

درایت کا معیار اور اُصول

درایت کا معیار کیا ہے کہ اسے سامنے رکھ کر اسناد صحیحہ رکھنے کے باوجود حدیث قوی الاسناد کو رد کردیاجائے؟نیز بتایا جائے کہ کس نص نے یہ شرط درایت اور اس کا معیار قائم کیا ہے؟

تاریخ اور حدیث کے معیا ر میں فرق

حکیم محمود عباسی صاحب کہتے ہیں کہ تاریخ کو اسی طرح جانچنا چاہیے جس طرح حدیث کو فنِ رجال کی بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔ وضاحت کیجیے۔