معاملہ کی شفافیت
ایک معاملہ آپ کے علم میں لانا چاہتا ہوں اور اس سلسلے میں آپ سے رہ نمائی کا طالب ہوں ۔ بہ راہِ کرم پورے معاملے پر غور کرکے مجھے صحیح رہ نمائی فرمائیں ۔ شکر گزار ہوں گا۔
مجھے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے اورالحمد اللہ اہلِ خاندان سے میرے تعلقات خوش گوار ہیں ، اگر چہ ابھی انہیں قبولِ اسلام کی توفیق نہیں ہوئی ہے ۔
میرے والد صاحب نے ایک قطعۂ اراضی فروخت کیا اورمجھ سے خواہش کی کہ اسے کہیں اِنوسٹ (invest)کرادوں ، تاکہ اس سے آمدنی ہوتی رہے ۔ میں نے اپنے بعـض قریبی دوستوں سے مشورہ کیا ۔ انہوں نے ایک دینی جماعت کے چند سرکردہ افراد کی نشان دہی کی، جوزمین کا کاروبار کرتے ہیں ۔ میں نے ان میں سے ایک صاحب سے رابطہ کیا اوران سے درج ذیل شرائط پر معاملہ طے ہوگیا:
۱- میں انوسٹمنٹ(Investment) کے لیے پندرہ لاکھ روپے دوں گا۔
۲- ادائیگی چیک، نقد اورڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعے ہوگی۔
۳- اس معاملہ کوضبط تحریر میں لایا جائے گا ، جس پر دونوں فریقوں کے دستخط ہوں گے۔
۴- یہ معاملہ صرف ایک سال کے لیے ہوگا۔ اسے آئندہ بھی جاری رکھنے کے لیے ازسر نو معاہدہ ہوگا۔
۵- ایک برس مکمل ہونے کے بعد اصل سرمایہ پر ۲۸ سے ۳۳ فی صد کے درمیان منافع دیا جائے گا۔
میں نے مذکورہ رقم ان صاحب کے ذریعے بنائے گئے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردی۔ ساتھ ہی اس معاہدہ کوتحریری شکل دی اور اس پر ان سے دستخط کرنے کا مطالبہ کیا ۔ یہ مطالبہ پورا نہیں کیا گیا اورکئی بار کی یاد دہانی کے باوجود تیار شدہ دستاویز پر دستخط نہیں کیےگئے ، یہاں تک کہ گیارہ مہینے گزرگئے ۔تب میں نے اطلاع دی کہ میں اس معاہدہ کومزید جاری رکھنے کے حق میں نہیں ہوں ، ایک برس پورا ہوتے ہی میری رقم منافع کے ساتھ واپس کردی جائے ۔ میری بات سنی ان سنی کردی گئی۔ ای میل کے ذریعے بار بار ریمائنڈر بھیجنے کے نتیجے میں مدتِ معاہدہ مکمل ہونے کے دو ماہ بعد میری رقم بغیر منافع کے واپس کی گئی ۔ میں نے منافع کا مطالبہ کیا تو جواب دیا گیا کہ کوئی منافع نہیں ہوا ۔ میں نے یاد دلایا کہ آپ نےتو ۲۸ سے ۳۳ فی صد کے درمیان منافع کا وعدہ کیا تھا ۔ اس کا یہ جواب دیا گیا کہ فریق ثانی کومنافع کی امید دلانے کے لیے ایسا کہہ دیا جاتا ہے ، لیکن حقیقت میں وہ مراد نہیں ہوتا، منافع صفر بھی ہوسکتا ہے اورتجارت میں گھاٹا بھی ہوسکتا ہے ۔
فریق ثانی کی یہ بد معاملگی میرے لیے تکلیف دہ ہے ۔ میرے والد ، جنہوں نے ابھی اسلام قبول نہیں کیا ہے ، اس رویّے سے بہت نالاں ہیں ۔ ان تک ’اچھے مسلمانوں ‘ کی کیسی تصویر پہنچی ہے ؟ کیا میں ان لوگوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کرنے میں حق بہ جانب ہوں ؟