سینما کا مفید استعمال

سینما کی طاقت کس کام میں لائی جاسکتی ہے؟
جواب

میرا جواب یہ ہے کہ ڈرامے کے سوا دوسری بہت سی چیزیں بھی ہیں جو فلم میں دکھائی جاسکتی ہیں ، اور وہ ڈرامے کی بہ نسبت بہت زیادہ مفید ہیں ۔ مثلاً:
ہم جغرافی فلموں کے ذریعے سے اپنے عوام کو زمین اور اس کے مختلف حصوں کے حالات سے اتنی وسیع واقفیت بہم پہنچا سکتے ہیں کہ گویا وہ دنیا بھر کی سیاحت کرآئے ہیں ۔ اسی طرح ہم مختلف قوموں اور ملکوں کی زندگی کے بے شمار پہلو ان کو دکھا سکتے ہیں جن سے ان کو بہت سے سبق بھی حاصل ہوں گے اور ان کا نقطۂ نظر بھی وسیع ہوگا۔
ہم علم ہیئت کے حیرت انگیز حقائق اور مشاہدات ایسے دل چسپ طریقوں سے پیش کرسکتے ہیں کہ لوگ شہوانی فلموں کی دل چسپیاں بھول جائیں اور پھر یہ فلم اتنے سبق آموز بھی ہوسکتے ہیں کہ لوگوں کے دلوں پر توحید اور اﷲ کی ہیبت کا سکہ بیٹھ جائے۔
ہم سائنس کے مختلف شعبوں کو سینما کے پردے پر اس طرح پیش کرسکتے ہیں کہ عوام کو ان سے دل چسپی بھی ہواور ان کی سائنٹی فِک معلومات بھی ہمارے انڈر گریجویٹوں کے معیار تک بلند ہوجائیں ۔
ہم صفائی۱ور حفظان صحت اور شہریت(civics) کی تعلیم بڑے دل چسپ انداز سے لوگوں کو دے سکتے ہیں جس سے ہمارے دیہاتی اور شہری عوام کی محض معلومات ہی وسیع نہ ہوں گی، بلکہ وہ دنیا میں انسانوں کی طرح جینے کا سبق بھی حاصل کریں گے۔اس سلسلے میں ہم دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کے مفید نمونے بھی لوگوں کو دکھا سکتے ہیں تاکہ وہ ان کے مطابق اپنے گھروں اور اپنی بستیوں اور اپنی اجتماعی زندگی کو درست کرنے کی طرف متوجہ ہوں ۔
ہم مختلف صنعتوں کے ڈھنگ، مختلف کارخانوں کے کام،مختلف اشیا کے بننے کی کیفیت، اور زراعت کے ترقی یافتہ طریقے سینما کے پردے پر دکھا سکتے ہیں ، جن سے ہماری صنعت پیشہ اور زراعت پیشہ آبادی کے معیارِ علم اور معیارِ کارکردگی میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
ہم سینما سے تعلیم بالغاں کا کام بھی لے سکتے ہیں اور اس کام کو اتنا دل چسپ بنایا جاسکتا ہے کہ ان پڑھ عوام اس سے ذرا نہ اُکتائیں ۔
ہم اپنے عوام کو فن جنگ کی، سول ڈیفنس کی،گوریلا وار فیئر کی،گلیوں اور کوچوں میں دفاعی جنگ لڑنے کی،اور ہوائی حملوں سے تحفظ کی ایسی تعلیم دے سکتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے بہترین طریقے پر تیار ہوسکیں ۔نیز ہوائی اور بری اور بحری لڑائیوں کے حقیقی نقشے بھی ان کو دکھا سکتے ہیں تاکہ وہ جنگ کے عملی حالات سے پیشگی باخبر ہوجائیں ۔
یہ،اور ایسے ہی بہت سے دوسرے مفید استعمالات سینما کے ہوسکتے ہیں ۔مگر ان میں سے کوئی تجویز بھی اس وقت تک کام یاب نہیں ہوسکتی، جب تک کہ ابتداء ً حکومت کی طاقت اور اس کے ذرائع اس کی پشت پر نہ ہوں ۔اس کے لیے اوّلین ضرورت یہ ہے کہ عشق بازی اور جرائم کی تعلیم دینے والے فلم یک لخت بند کردیے جائیں ۔کیوں کہ جب تک اس شراب کی لت زبردستی لوگوں سے چھڑائی نہ جائے گی،کوئی مفید چیز ان کے منہ کو لگنی محال ہے۔دوسری اہم ضرورت یہ ہے کہ ابتدا میں مفید تعلیمی فلم حکومت کو خود اپنے سرمایے سے تیار کرانے ہوں گے اور ان کو عوام میں رواج دینے کی کوشش کرنی ہوگی،یہاں تک کہ جب کاروباری حیثیت سے یہ فلم کام یاب ہونے لگیں گے تب نجی سرمایہ اس صنعت کی طرف متوجہ ہوگا۔
(ترجمان القرآن، اگست۱۹۵۲ء)