کس شخص پرزکوٰۃ نہیں  ہے؟

آدمی کتنے مال کا مالک ہوتب اس پر زکوٰۃ عائد ہوگی؟براہ کرم یہ بھی واضح فرمائیں  کہ کن کن صورتوں  میں آدمی پرزکوٰۃ فرض نہیں ہوتی؟
جواب

*کسی شخص کے پاس نصاب سے کم مال ہوتو اس پر زکوٰۃ نہیں ۔(نصاب سونا ساڑھے سات تولہ اورچاندی ساڑھے باون تولہ ہے۔ کسی کے پاس کچھ سونا،کچھ چاندی اور کچھ نقدی ہو،سب مل کرچاندی کے نصاب کے برابر پہنچ جائیں  توزکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* کسی شخص کے پاس مال ودولت بہت ہو،لیکن ابھی اس پر ایک سال نہ گزرا ہوتو اس پرزکوٰۃ نہیں ۔(وہ نصاب کا مالک ہو،اس پرایک سال گزرگیاہو،مزیدکچھ رقم اس کے پاس آگئی ہوجس پرسال نہ گزرا ہوتو سب پرزکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* آدمی چاہے جتنا کماتاہو،اگر سال پوراہونے سے پہلے خرچ ہوجائے تواس پرزکوٰۃ نہیں ۔
* پلاٹ،جسے تجارتی مقصد سے نہ خریداگیا ہو،اس پرزکوٰۃ نہیں ۔
* مکان پر زکوٰۃ نہیں  ہے،آدمی کے پاس چاہے جتنے مکانات ہوں ۔
* جومکان کرایہ پراٹھے ہوئے ہوں ان پر بھی زکوٰۃ نہیں ۔(کرایہ کی رقم سال بھر محفوظ رہے تب اس پر زکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* کرایہ کی دوسری چیزوں  پربھی زکوٰۃ نہیں ،مثلاً کوئی شخص سائیکلیں  کرایے پردیتا ہو، یا ٹینٹ کا سامان کرایے پراٹھاتاہو،یاشادی گھربنارکھاہو،اسے کرایے پردیتاہو، اس پر زکوٰۃ نہیں ۔اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سال بھرمحفوظ رہے تب زکوٰۃ عائدہوگی۔
* کارخانہ کی مشینوں پرزکوٰۃ نہیں ۔
* دوکان پرزکوٰۃ نہیں ۔(اس میں جومال ہے اس پر زکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* ہیرے کے استعمالی زیورات پرزکوٰۃ نہیں ۔(کوئی شخص ہیروں کی تجارت کرتاہوتو مال تجارت کی حیثیت سے اس پرزکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* قرض لینے والے پرزکوٰۃ نہیں  ۔(قرض دینے والے پرزکوٰۃ عائد ہوگی۔)
* جس قرض کے واپس ملنے کی امید ختم ہوگئی ہواس پرزکوٰۃ نہیں ۔
* نابالغ پرزکوٰۃ نہیں ۔(اس لیے کہ زکوٰۃ عبادت ہے اورنابالغ اس کا مکلّف نہیں ۔)
* کھیت پرزکوٰۃ نہیں ،اسی طرح ہل بیل پرزکوٰۃ نہیں ۔(کھیت کی پیداوارپرزکوٰۃ ہے۔پیداواربارش سے ہوتودس(۱۰)فی صد،سینچائی سے ہوتوپانچ (۵)فی صد)
* گھریلویاتجارتی اسباب(مثلاً فریج،واشنگ مشین ،اے سی،موٹرسائیکل،کار،ٹریکٹر، بس،ٹرک وغیرہ)پر زکوٰۃ نہیں ۔
* کوئی شخص ذاتی کلینک یا اسپتال چلاتاہوتوعمارت اورطبی آلات پرزکوٰۃ نہیں ۔