فقہی اختلافات کی بِنا پر بعض صورتوں میں حنفی،اہل حدیث اور شافعی حضرات علیحد ہ علیحدہ نماز پڑھنے پرمجبور ہوجاتے ہیں ۔مثلاً ایک گروہ اوّل وقت نماز پڑھنے کو ترجیح دیتا ہے اور دوسرا تاخیر کو افضل سمجھتا ہے۔اب ان سب کا مل کر ایک جماعت میں نماز پڑھنا کسی نہ کسی کو افضل نماز سے محروم ہی کرے گا۔اگر ’’افضل نماز‘‘ کی کوئی اہمیت ہے تو پھرآپ کیوں اس’’ایک ہی جماعت‘‘ کے اُصول پر اتنا زور دیتے ہیں ؟
جواب
آپ کے نزدیک اگر کسی وقت پر نماز پڑھنا افضل اور اولیٰ ہو اور دوسرے مسلمانوں کے نزدیک کسی دوسرے وقت میں پڑھنا افضل ہو تو اس اختلاف کی بِنا پر جماعت سے الگ ہوکر نماز پڑھنا یا اپنے ہم خیالوں کی جماعت الگ قائم کرنا صحیح نہیں ہے،کیوں کہ افضل وقت کو چھوڑنے کی برائی سے جماعت کو ترک کرنے اور جماعتیں الگ کرلینے کی برائی زیادہ ہے۔
(ترجمان القرآن ،نومبر،دسمبر ۱۹۴۴ء)