طبی اخلاقیات
طب کے میدان میں ڈاکٹروں ، اسپتالوں ، تشخیصی مراکز (لیباریٹری وغیرہ) اور دوا ساز کمپنیوں کا طرز عمل کچھ یوں ہے:
(۱) ایک ڈاکٹر دوسرے ڈاکٹر کو مریض حوالے(Refer)کرتا ہے، مگر اس وقت جب دوسرا ڈاکٹر پہلے ڈاکٹر یعنی حوالے کرنے والے کو اپنے بل کا ۲۰ سے ۳۰ فی صد دے۔ اگر کوئی ایسا نہیں کرتا تو اسے کیس ریفر نہیں کیے جاتے، بل کہ کئی بار تو اس میں مقابلے کی کیفیت ہوتی ہے، یعنی جو زیادہ دیتا ہے اسے مریض ریفر کیے جاتے ہیں ۔ یہ مارکیٹ کا تقریباً طے شدہ اصول ہے اور اس کی ادائی باضابطہ چیک سے ہوتی ہے۔
(۲) تشخیصی مراکز کا بھی یہی معاملہ ہے۔ ایک ڈاکٹر مخصوص مرکز سے ہی اپنے مریضوں کے ٹسٹ کرواتا ہے، جہاں سے اسے بل کا طے شدہ حصہ ملتاہے، جو کبھی کبھی ۴۰ فی صد تک ہوتا ہے۔ اس میں عموماً مریض سے جو کچھ لیا جاتا ہے وہ یکساں رہتاہے۔ ڈاکٹر لے یا نہ لے اور گاہے ڈاکٹر کے کہنے پر کچھ تخفیف بھی کردی جاتی ہے، جس سے مریض کو تھوڑا فائدہ ہوتا ہے، مگر ایسا بہت کم ہوتا ہے۔
(۳) دوا ساز کمپنیاں اپنی مصنوعات کو بڑھا وا دینے کی خاطر اطباء کو کچھ مراعات (مثلاً تحفے جو معمولی سے لے کر کار، بیرون ملک سفر اور دوسرے خاطر خواہ فوائد، جو تجارتی زبان میں Incentivesکہلاتے ہیں ) دیتی ہیں ۔ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں ، بل کہ اس بات کے لیے کمپنیوں میں باضابطہ فنڈ ہوتا ہے۔
(۴) پھر کچھ کمپنیاں کھلے طور سے یہ کہتی ہیں کہ جتنا زیادہ ہماری مصنوعات کو بڑھاوا دیں گے اسی قدر آپ کو زیادہ سے زیادہ Incentive دیا جائے گا۔
(۵) کچھ اطبا دوا ساز کمپنیوں سے اپنی مشتہری کا کام کرواتے ہیں ، جس پر تمام پیسہ کمپنی خرچ کرتی ہے۔ اس کے عوض ڈاکٹر اس مخصوص کمپنی کی مصنوعات تجویز کرنے میں امتیاز سے کام لیتے ہیں ۔
ان حالات کے مد ِ نظر درج ذیل سوالات پیدا ہوتے ہیں :
٭ کیا اس طرح کا لین دین، جو ڈاکٹروں کے مابین ہو، یا تشخیصی مراکز اور اطباء کے مابین ہو، جائز ہے یا نہیں ؟
٭ کیا دواساز کمپنیوں سے مراعات لی جاسکتی ہیں ؟
٭ کیا دوا ساز کمپنی سے اپنے کاروبار / کسب کے بڑھاوے کے لیے مشتہری کا کام لیا جاسکتا ہے؟
ان امور میں قرآن و سنت کی رہ نمائی مطلوب ہے۔ اللہ آپ کو بہترین بدلہ عطا کرے اور اپنا قرب بخشے۔