پاکستان میں اسلامی نظام اور مسلم لیگی قیادت
ہفت روزہ ’’طاہر‘‘ میں اور اس کے بعد ’’نواے وقت‘‘ میں جناب کے حوالے سے مسلم لیگی قیادت کے لیے لفظ فراڈ استعمال کیا گیا ہے۔ میں ایک مسلم لیگی ہوں اور سمجھتا ہوں کہ مسلم لیگ نے قائداعظمؒ کی آنکھیں بند ہوتے ہی ہما لائوں سے بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں ۔ لیکن جناب قائداعظمؒ کے متعلق میرا ایمان و ایقان ہے کہ اگر حیات ان سے وفا کرتی تو وہ اس مملکتِ خداداد میں اسلامی آئین کے نفاذ کے لیے مقدور بھر ضرور سعی فرماتے۔ میرا خیال ہے کہ تقریر کرتے وقت آپ نے جس مسلم لیگی قیادت کو فراڈ کے خطاب سے نوازا، یہ وہ مسلم لیگ تھی جو قائداعظمؒ کے مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی ہونے کے بعد چودھری خلیق الزماں اور لیاقت علی خاں کی قیادت میں ابھری۔ یقیناً جناب کا منشا قائداعظمؒ کی ذات ستودہ صفات سے نہیں ہوگا۔
نواے وقت میں جو افسوس ناک بحث چل نکلی ہے، جناب کی طرف سے خاموشی اس کو مزید تقویت دے رہی ہے۔ جناب کی معمولی سی تردید، اس آڑے وقت میں جبکہ ملت کو ’’نواے وقت‘‘ کی راہ نمائی اور جناب کی قیادت کی از بس ضرورت ہے، ختم کرنے میں ایک مجاہدانہ کردار ادا کرے گی۔