دعواے مہدویت کا بہتان

جناب کی ان الفاظ سے کہ ’’وہ جدید ترین طرز کا لیڈر ہوگا‘‘({ FR 1083 }) یہ شبہہ کیا جارہا ہے کہ آپ خود امام مہدی ہونے کا دعویٰ کریں گے۔
جواب

یہ ارشاد کہ اس سے شبہہ کیا جارہا ہے کہ ’’توخود امام مہدی ہونے کا دعویٰ کرے گا‘‘اس کے جواب میں بجز اس کے میں کچھ عرض نہیں کرسکتا کہ اس قسم کے شبہات کا اظہار کرنا کسی ایسے آدمی کا کام تو نہیں ہوسکتا جو خدا سے ڈرتا ہو،جسے خدا کے سامنے اپنی ذمہ داری کا احساس ہو اور جس کو اﷲ تعالیٰ کی یہ ہدایت بھی یاد ہو کہ اجْتَنِبُوْا كَثِيْرًا مِّنَ الظَّنِّ۝۰ۡاِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ({ FR 1138 }) (الحجرات:۱۲ ) جو حضرات اس قسم کے شبہات کا اظہار کرکے بندگانِ خدا کو جماعتِ اسلامی کی دعوتِ حق سے روکنے کی کوشش فرما رہے ہیں ،میں نے ان کو ایک ایسی خطرناک سزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس سے وہ کسی طرح رہائی حاصل نہیں کرسکیں گے، اور وہ سزا یہ ہے کہ ان شاء اﷲ میں ہر قسم کے دعووں سے اپنا دامن بچاے ہوئے اپنے خدا کی خدمت میں حاضر ہوں گا اور پھر دیکھوں گا کہ یہ حضرات خدا کے سامنے اپنے ان شبہات کی اور ان کو بیان کرکرکے لوگوں کو حق سے روکنے کی کیاصفائی پیش کرتے ہیں ؟ (ترجمان القرآن،جون۱۹۴۶ء)