بے پردہ عورتوں کو مال بیچنا

دکان پربے پردہ عورتیں آتی ہیں اور نیم نقاب پوش بھی۔اسلام کا حکم ہے کہ اگر عورت پر دوسری نظر پڑے تو انسان گناہ کا مرتکب ہوتا ہے۔یہاں ان سے گفتگو تک کرنی پڑتی ہے۔عورتوں کو دکان پر نہ آنے دیا جائے تو یہ بھی ٹھیک نہیں ،کیوں کہ اس ماحول میں تو اکثریت ایسی عورتوں کی ہے جو مردوں کے بدلے شاپنگ کرتی ہیں ۔
جواب

عورتیں اگربے پردہ آپ کی دکان پر آئیں تو انھیں آنے سے روکنا یا ان کے ہاتھ مال بیچنے سے انکار کرنا آپ پر فرض نہیں ہے۔البتہ آپ کا فرض یہ ہے کہ غض بصر سے کام لیں ،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہ کریں ،ان کے حسن وآرائش سے یا ان کی گفتگو سے لذت لینے کی کوشش نہ کریں ، تقویٰ کی اسی ایک ذرا سی شق پر آپ عامل ہوجائیں تو ان شاء اﷲاپنی دکان پر بیٹھے بیٹھے آپ کو درجۂ ولایت حاصل ہوجائے گا۔تنہا یہی مجاہدہ بہت سے خانقاہی مجاہدوں پر بھاری ہے۔
(ترجمان القرآن ، ستمبر۱۹۵۱ء)