بعض لوگوں کا خیال ہے کہ آپ ہمیشہ ہر مسئلے کا گول مول جواب دیتے ہیں ،اور اگر مزید وضاحت چاہی جائے تو آپ بگڑ جاتے ہیں یا پھر جواب سے بے بس ہوکر انکار کردیتے ہیں ۔ اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں ہنوز ایسے انسانوں کا ہم خیال نہیں ہوں ،کیوں کہ جہاں تک میں جانتا ہوں ،آپ ہمیشہ مسئلے کو دوٹوک اور وضاحت سے سمجھاتے ہیں ۔خدا کرے میرا یہ حسن ظن قائم رہے۔
گزارشات بالا کا لحاظ رکھتے ہوئے مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیجیے:
(۱)کوئی تارک الدنیا بزرگ ولی ہوسکتا ہے یا نہیں ؟
(۲) حضرت رابعہ بصریؒ نے کیوں سنت نکاح کو ترک کیا تھا؟
(۳) حضرت خواجہ نظام الدین اولیا محبوب الٰہی کے متعلق کہاجاتا ہے کہ انھوں نے اپنے پیرو مرشد حضرت خواجہ سیّد بابا فرید الدین گنج شکر کے ایک باطنی اشارے پر تاعمر شادی نہ کی تھی۔ آپ کے نزدیک پیرو مرشد کا خلاف سنت اشارہ کرنا اور مرید کا باوجود استطاعت کے سنت نکاح کو ترک کرنا کس حد تک درست ہے؟