ایک ضرورت پیش آگئی ہے اس لیے دس جنتیوں اوران کے باپ ماں کے نام لکھیے۔
جواب
عشرۂ مبشرہ کے ناموں میں بھی برکت ہے اس لیے آپ کے سوال کا جواب دے رہاہوں، اس کے بعد ایک مشورہ بھی پیش کروں گا۔ دس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو عشرہ مبشرہ اس لیےکہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیک وقت ان دس صحابیوں کو جنت کی بشارت دی تھی۔ اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ صرف انھیں دس صحابیوں کو آپؐ نے جنت کی بشارت دی تھی بلکہ دوسرے اور بہت سے صحابہ اور صحابیات ہیں جن کو آپ نے جنت کی بشارت دی ہے۔عشرۂ مبشرہ میں چار خلفائے راشدین ہیں۔ میں پہلے انھیں کا ذکر کروں گا، ان کے بعد چھ دوسرے صحابیوں کا ذکر کروں گا۔
۱- عبداللہ نام، ابوبکرکنیت (آپ اسی کنیت سے مشہور ہوئے)، صدیق اورعتیق لقب،والد کانام عثمان، کنیت ابوقحافہ(اسی کنیت سے مشہور ہیں )، والدہ کانام سلمیٰ،کنیت ام الخیر۔
۲- عمرنام،ابوحفص کنیت،فاروق لقب،والدکانام خطاب،والدہ کانام قتمہ۔
۳- عثمان نام، ابوعبداللہ اورابوعمروکنیت،ذوالنورین لقب، والد کا نام عفان، والدہ کانام ارویٰ۔
۴- علی نام،ابوتراب اورابوالحسن کنیت، حیدرلقب، والد کانا م ابوطالب، والدہ کانام فاطمہ۔
۵- طلحہ نام،ابومحمدکنیت،فیاض لقب،والد کا نام عبیداللہ، والدہ کانام الصعبہ۔
۶- زبیرنام،والدکانام عوام،والدہ کانام صفیہ (نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپی)۔
۷- سعدنام،ابواسحاق کنیت، والد کانام وقاص، کنیت ابووقاص۔ حضرت سعد، سعدبن ابی وقاص سے مشہور ہیں۔ حضورؐ کے مادری رشتے سے ماموں تھے۔
۸- سعید نام، ابوالاعورکنیت،والد کانام زیدبن عمروبن نفیل،والدہ کانام فاطمہ بنت بعجہ۔
۹- عبدالرحمٰن نام، کنیت ابومحمد،والد کا نام عوف،والدہ کا نام شغار۔
۱۰- عامرنام،ابوعبیدہ کنیت،والد کانام عبداللہ، والدہ کانام ام غنم۔
مشورہ یہ ہے کہ آپ اپنے یہاں ایک لائبریری قائم کرنے کی کوشش کیجیے، جس میں سیرت النبیؐ اور صحابہ کرامؓ کی سیرتوں کی کتابیں جمع کیجیے۔ اردوزبان میں ان سب پر مستند کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔
(مئی ۱۹۸۵ء،ج۲،ش۵)